اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی سمیت 10 وزارتوں میں کنسلٹنٹ رکھنے کی اجازت دے دی ہے اور کہا ہے کہ اگر وزارتیں کنسلٹنٹ رکھنا چاہتی ہیں تو فاسٹ ٹریک پر منظوری دی جائے گی جبکہ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز لیپس ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ وزارتوں اور بیوروکریسی کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارتوں کی موزوں ترقیاتی منصوبے بنانے کی عدم صلاحیت کا نوٹس لے لیا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کی محدود صلاحیت اور ناقص کارکردگی کے باعث ترقیاتی بجٹ پورا خرچ نہیں ہوتا۔ انہوںنے سختی سے ہدایت کی کہ وزارتوں کا ترقیاتی بجٹ لیپس نہیں ہونا چاہیے۔ وزارتیں بہتر اور قابل عمل ترقیاتی منصوبوں اور ان کی تیزی سے تکمیل کی پلاننگ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضروررت پڑنے پر مزید وزارتوں کو بھی پیشہ ورانہ ماہرین رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔