بانی  پی ٹی آئی  ناقابل اعتبار، معافی  مانگنے پر سیاست میں واپسی ممکن  ہے،خواجہ آصف

109

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر  بانی  پی ٹی آئی  معافی مانگ کر دوبارہ سیاسی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

خواجہ آصف نے عمران خان کو ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے اوراس کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے عمران خان کی غیر مستحکم سیاسی حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جن لوگوں کے بارے میں نازیبا گفتگو کی، بعد میں ان ہی لوگوں کے پائوں پڑے، جیسے شیخ رشید، پرویز الہی اور مولانا فضل الرحمان۔

 خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان نے اب تسلیم کرلیا ہے کہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال انہوں نے دی تھی، جو شاید معافی تلافی کی کوشش ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اگر عمران خان معافی مانگ کر دوبارہ سیاسی دھارے کا حصہ بن جاتے ہیں تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کی حکمت عملی اور  اس قسم کی حرکات اور روایات ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔  پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں لوگوں کی عدم شرکت کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔