اسلام آباد میں 26 جولائی کا دھرنا مطالبات منظور ہونے تک جاری رہے گا، حافظ نعیم

155
Shahbaz Sharif has lost his credibility

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والا 26 جولائی کا دھرنا مطالبات منظور ہونے تک جاری رہے گا۔

راولپنڈی میں تاجرکنونشن سےخطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ بے جا اور بھاری ٹیکسز، پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتیں اور مہنگی گیس کے خلاف دھرنا مطالبات کی منظوری تک ختم نہیں ہوگا۔ ہم فارم 47 والی مسلط حکومت سے پوری قوت کے ساتھ اپنا حق مانگیں گے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہمیں اس قوم کی لاج رکھنی ہے۔ ہم مطالبات ی منظوری تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے۔ آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، جماعت اسلامی آپ کو فروخت نہیں کرے گی۔ ہمیں اس ملک میں رہنا ہے، عزت، جرات اور وقار کے ساتھ رہنا ہے۔ 26 جولائی کا دھرنا قومی ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے کارکنان کو بھی دعوت ہے ۔ پاکستان کے لیے لوگوں نے عدل کی حکمرانی کے اپنا سب کچھ چھوڑا تھا، آج پاکستان میں عدل کی حکمرانی نہیں ہے، جماعت اسلامی نے یہ جدوجہد شروع نہ کی توملک میں انارکی پھیل جائے گی، ہم پرامن سیاسی مزاحمت لے کر نکلیں گے اور انشاءاللہ کامیاب ہوں گے، حق لے کر اٹھیں گے 26 جولائی کو پچیس کروڑ عوام کا دھرنا ہوگا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت سود کا نظام ختم کرنے پٹرول کی لیوی بجلی گیس پر ناجائز ٹیکس ختم کرے تو تاجر بھی ٹیکس دینے کے لئے تیار ہیں مگر ایک خاص مراعات یافتہ طبقہ اس ملک پر قابض ہے۔ یہ ہی لوگ مارشل لا، جمہوریت، کیئر ٹیکر ہر جگہ کود کر داخل ہو جاتے ہیں۔