حکومت24کروڑ عوام اورمعیشت کو داؤ پر نہ لگائے، دانش اے ملک

188

کراچی(کا مرس رپورٹر)سرجانی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کراچی(ساٹی) کے صدر دانش اے ملک اور ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین نے حکومت سے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ساٹی میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں منظور کی گئی قراد داد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ ملک کی صنعتوں کو تباہی سے بچانے اور وسیع پیمابے پر بے روزگاری سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے اور ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے ایسے پالیسیاں وضع کرے جس سے صنعتی پیداواری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور نئے صنعتی یونٹس لگانے کی ترغیب ملے۔ ساٹی کے صدر اور ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین نے قرارداد میں کہا کہ آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز کے باعث بجلی کے نرخ ناقابل برداشت ہو گئے ہیں۔قرار داد میں حکومت کی توجہ صنعتوں کی بڑھتی پیداواری لاگت کی طرف مبذول کراتے ہوئے نشاندہی کی گئی کہ بجلی و گیس کے زائد نرخوں نے پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے جس کے نتیجے میں فیکٹریاں چلانا دشوار ہوتا جارہاہے بلکہ مہنگی بجلی و گیس کی وجہ سے زیادہ تر صنعتیں بند ہو گئی ہیں۔