اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں پرا سرائیلی فوج کے حملے انسانیت کی تضحیک کے مترادف ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے فلسطین میں اسرائیل کی مسلط کی گئی جنگ بند کرنے اور اس تنازع کے حل کے لیے اقوا م متحدہ سے ذمے داری ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان یونس میں پناہ گزینوں کو جارحیت کا نشانہ بنانا انسانیت کی تضحیک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ میں مسلسل حملے قابل مذمت ہیں، اسرائیلی فوج کی جانب سے پناہ گزیں کیمپوں میں موجود بے گھر فلسطینیوں کو انخلا کی مہلت دیے بغیر حملے کرنا غیر انسانی عمل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کو حل کرنے اور جنگ بندی کے لیے اپنی ذمے داری ادا کرنی چاہیے۔