پریم یونین کا ٹرینوں کی نجکاری کیخلاف مزاحمت کا اعلان

294

ریلوے پریم یونین نے حکومت کی طرف سے منافع بخش ٹرینوں کی نجکاری کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے کا اعلان کردیا۔مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری نے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے 23جولائی کولاہور میں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرلیا۔ ریلوے پریم یونین کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری، صدرشیخ محمدانور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری نے کہاہے کہ 30 جون تک مالی سال 24-2023 کے اختتام پر ریلوے نے 88 ارب سے زائد ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو پچھلے مالی سال سے 40 فیصد زائدآمدن ہے۔ ریلوے کو مالی سال کے آغاز میں حکومت سے 73 ارب آمدن کا ٹارگٹ ملا تھا۔ اتنے منافع بخش ادارے کی نجکاری ملک کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی و فلاحی ادارے کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے، کسی مائی کے لال کو ریلوے کی نجکاری کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایک لاکھ ریلوے ملازمین اور 25 کروڑعوام کی سستی سواری کی نجکاری کرکے عوام کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جارہاہے، ملازمین ریلوے کو بچانے کے لیے اپنا خون بہا دیں گے مگر کسی کو بھی نج کاری کے نام پر ریلوے کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔پریم یونین نے حافظ سلمان بٹ مرحوم کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے حقوق کی جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا اسے ہر حالت میں جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کو پرائیویٹائز کرنے کی بجائے مزدورروں کے حوالہ کردیا جائے،کسی بھی پرائیویٹ کمپنی سے زیادہ منافع فراہم کریں گے۔