اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی ترقی، صحت اور تعلیم پر کبھی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام آباد جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آج ہم سب کو اللہ کے حضور سجدہ شکر بجالانا چاہیے کیونکہ جناح میڈیکل سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا ہے، یہ منصوبہ نوازشریف کی مخلوط حکومت کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا طبی سہولیات کے حوالے سے اس خطے میں شاندار سینٹر ہوگا، یہ صرف جڑواں شہروں کے لیے نہیں خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے، یہ صرف اسپتال نہیں، یہاں نرسنگ اسکول، لیبارٹریز اور جدید علوم دیا جائے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل سینٹر انسداد موذی امراض کا سینٹر ہے، جب سے ہماری حکومت آئی ہے‘ پہلے دن سے اس پر کام شروع کیا، اس اسپتال کے لیے 600کنال زمین مختص کی گئی ہے، یہ وہی ماڈل ہے جس کا پورے پاکستان میں میرے قائد نوازشریف نے اجرا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اور صاحب حیثیت کو اللہ نے جائز حلال وسائل دیے ہیں، اشرافیہ اور صاحب حیثیت دنیا میں کہیں سے بھی علاج کراسکتے ہیں‘ غریب آدمی علاج کے لیے کہاں جائے گا؟ ہم نے سرکاری اسپتالوں میں مفت سٹی سکین مشینیں لگائیں، ہم نے لیبارٹری ٹیسٹ پر بھی 10روپے فیس رکھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کا حق ہے کہ اس کی دہلیز پر تعلیم اور علاج مفت پہنچایا جائے‘ ایک منصف نے سازش کرکے (پاکستان کیڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ) پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی‘ پی کے ایل آئی بننے سے پہلے مریض جگر کے علاج کے لیے بھارت جاتے تھے، گردے کی پیوند کاری کے لیے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں‘ آج پی کے ایل آئی میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، اب یہاں جناح میڈیکل سینٹرمیں مفت علاج ہوگا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2011 آپ کو یاد ہوگا 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، میں نے کہا تھا اندھیرے ختم کردیں گے ،اس بات پر بہت مذاق اڑایا گیا، نوازشریف کی قیادت میں 2013ء سے18 تک ملک میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے منصوبے کی تعمیر کے ذمہ داروں کو کہا ہے مجھے یہ جناح میڈیکل سینٹر ایک سال میں مکمل چاہیے، ایک سال بڑا چیلنجنگ ٹائم ہے، یہاں پر 24 گھنٹے دن رات کام ہوگا، کل پاکستان کے شاندار آئی ٹی پارک کے دورے پر گیا تھا، ہدایت کی ہے آئی ٹی پارک کو ایک سال میں مکمل کریں، اس اسپتال کے لیے جتنے وسائل چاہئیں ہم مہیا کریں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس اسپتال کی زمین کے انتقال کے لیے جنہوں نے جدوجہد کی وہ شکریہ کے مستحق ہیں۔