تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 26 جولائی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

143

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 26 جولائی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس محمود اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف گوہر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، اسد قیصر، چیئرمین سنی اتحاد کونسل سربراہ حامد رضا، علامہ راجا ناصر عباس اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اجلاس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت تمام سیاسی اسیران کی رہائی کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں بنوں میں پیش آنے والے واقعے کی آزادانہ تحقیقات اور خیبر پختونخوا کے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ قرارداد میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ قرارداد میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آئین و قانون کی فتح ہے، جبکہ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے لیے عدلیہ کی کوششوں کو سراہا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے 26 جولائی بروز جمعہ ملک گیر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔