سکھر (نمائندہ جسارت) ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے روٹری کلب کے تعاون سے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جیئے شاہ کے باہر واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر صدر روٹری کلب سکھر شاہد حمید، سابق صدر خواجہ کاشف، اراکین کلب راجہ سعید، وائس چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جیئی شاہ فرحان شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے افتتاح کے بعد فلٹر پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، صدر روٹری کلب شاہد حمید نے بریفنگ میں انہیں بتایا کہ فلٹر پلانٹ میں 3000 لیٹر یومیہ پانی کی گنجائش ہے، پلانٹ کو روزانہ صبح 9 سے رات 9 بجے تک چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے نئے وا ٹر کنکشن کے لیے اپلائے کیا ہے، جس کے بعد پلانٹ کی گنجائش 7000 لٹرز یومیہ ہو جائے گی۔ اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے واٹر فلٹر پلانٹ کے نئے کنکشن کی منظوری کا اعلان کیا، فلٹر پلانٹ کو فری آف چارج پانی فراہم کریں گے۔ ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ روٹری کلب کے فلاحی کام قابل تعریف ہیں، صحت، تعلیم اور قدرتی آفتوں میں ہمیشہ آگے رہا ہے، ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے روٹری کلب کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔