لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجلی کی قیمت میں اضافے کو غریبوں سمیت سب کے لیے مصبیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے، سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا۔نواز شریف نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا، یہ غریب لوگوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا، 2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف(عالمی مالیاتی ادارہ) کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا، سب کو پتا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں بجلی کے بھاری بلوں سے نجات کے لیے روشن گھرانہ اسکیم کی جزئیات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ توانائی پنجاب کی جانب سے عوام کو مفت اور قرض پر سولر سسٹم دینے کی اسکیم کے بارے میں تجاویز پیش کی گئیں۔مریم نواز کی زیرصدارت 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیراعلی پنجاب نے آئندہ ماہ یوم آزادی پر عوام کو سولر سسٹم دینے کا حتمی پلان طلب کر لیا اور اس موقع پر نواز شریف نے روشن گھرانہ اسکیم میں گہری دلچسپی لی اور زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی۔