کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بار ایسوسی ایشن نیبنوں میں پرامن احتجاج پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے تحت جنرل باڈی اجلاس میں جنرل سیکرٹری کراچی بار اختیار علی چنہ نے کہا کہ وکلا نے ملک کے قیام کیلیے قربانیاں دی ہیں، ایک وکیل نے ملک بنایا، دوسرے وکیل نے ملک کو آئین دیا، کیا وجہ ہے حکومت کو زمین دینے کیلیے صرف ایک ہی ادارہ نظر آتا ہے؟ کیا وکلا کی اس ملک کے لیے قربانیاں نہیں ہیں؟ آئین کو روند کر ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی قبول نہیں اگر کورم پورا نہیں تو آئین میں پورا روڈ میپ موجود ہے، ہر ہائیکورٹ کے سینئر ججز کو عدالت عظمیٰ لے کر جائیں، کراچی بار نے سب سے پہلے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی مخالفت کی۔ بارش کے باعث کراچی بار نے جنرل باڈی اجلاس پیر تک ملتوی کردیا۔