کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد ایڈشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر کراچی پولیس کو الرٹ کردیا ۔کراچی پولیس چیف نے بارشوں کے دوران تمام فیلڈ کمانڈرز کو اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔ٹریفک پولیس بارش کے دوران اور بعد میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور جن علاقوں میں پانی زیادہ ہو وہاں ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں،گشت پر مامور پولیس کی گاڑیوں کو ضروری اوزار، ٹیوب اور بارش میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں استعمال ہونے والے آلات/اشیاء سے لیس کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔پولیس کو شہری انتظامیہ کیساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تاکہ برقت عوام کی مدد یقینی بنائی جاسکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ بجلی کی تاروں، کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔عوام کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس مددگار 15 اور ٹریفک معلومات و راہنمائی کیلئے 1915 پر فوری رابطہ کریں۔ کراچی پولیس عوام کے تحفظ اور خدمت کو یقینی بنانے کیلئے تمام میسر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔