ایسا لگتا ہے حکومت گرانے یا ایمرجنسی لگانے کی کوئی سازش ہو رہی ہے‘ عمران خان

377

راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ساری زندگی جیل میں رہنے کے لیے تیار ہوں لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کروں گا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنوں واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں، نہتے عوام پر گولی چلانا ظلم ہے‘ ہم بنوں کے عوام کے ساتھ ہیں، حکومت جوڈیشل کمیشن سے انکوائری کروائے، ایسا لگتا ہے حکومت گرانے یا ایمرجنسی لگانے کی کوئی سازش ہو رہی ہے۔ قائد پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی حکومتی جماعت خاص کر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے‘ اب معاملات بہت آگے نکل چکے ہیں، جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی وہی 9 مئی کا اہم کردار ہے‘ پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے، اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہملک میں پہلے ہی مارشل لانافذ اور ہماری جماعت پرپابندی ہے‘آرٹیکل 6 الیکشن کمیشن پر لگانا چاہیے‘ آصف زرداری نے کس حیثیت میں صدر ہاؤس کا بجٹ بڑھا کر 88 کروڑ کر دیا؟‘ عوام سے قربانی مانگتے ہیں‘ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں‘ یہ ایک ہی ہیں‘ یہ دونوں فارم 47 کی پیداوار ہیں۔