کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہلکی، تیز بارش ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ 250 فیڈرز ٹرپ کرگئے‘ مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ گلشن حدید، ملیر، کورنگی، لانڈھی، صدر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ سرجانی ٹائون، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، کلفٹن، ڈیفنس، لیاری سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ اتوار کو بھی شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری
کر دیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں37.2 ملی میٹر، کیماڑی میں 25، ماڑی پور میں23 اور کورنگی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں مسلسل داخل ہو رہا ہے۔کراچی میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے250 فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے سے کورنگی، میٹروول، گلشن اقبال، اورنگی ٹائون، قصبہ کالونی، پنجاب کالونی، سرجانی ٹائون، تیسر ٹائون، کاٹھور،گڈاپ سٹی میں بجلی بند ہوگئی۔ اس کے علاوہ بن قاسم،گلشن حدید، بلدیہ، اتحاد ٹائون، گلستان جوہر، ریلوے کالونی، پی سی ایچ ایس، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرسید ٹاؤن، خواجہ اجمیر نگری اور لیاقت آباد اور دیگر علاقے متاثر ہوئے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے‘ بارش میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں ۔ شہر میں ہونے والی ہلکی بارش بھی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے شہریوں کے لیے عذاب بن گئی‘ سڑکوں کی زبوں حالی اور پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں پر پڑنے والے بڑے بڑے گہرے گڑھوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ ناگن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والی شارع راشد منہاس روڈ پر شفیق موڑ کے قریب گزشتہ کئی ماہ سے سڑک کے بڑے حصے پر پڑنے والے گہرے گڑھے میں جمع ہونے والے بارش کے پانی نے ٹریفک کی روانی کو تہس نہس کر کے رکھا دیا۔نارتھ ناظم آباد میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی کے باعث متعدد موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جبکہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال دیکھی گئی۔