کراچی: شہر قائد میں معمولی بارش شہریوں کے لیے عذاب بن گئی، جس سے نااہل انتظامیہ کے دعوے پانی میں بہہ گئے۔
ہفتے کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا آغاز ہوا تو گرمی کے ستائے شہریوں کے چہروں پر رونق لوٹ آئی، تاہم کچھ ہی دیر میں شہر کی اہم سڑکیں اور چوراہے و گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، جس سے انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی۔
بارش شروع ہوتے ہی ایک جانب مختلف علاقوں میں بجلی بند کردی گئی تو دوسری جانب ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گڑھوں میں شہری پھنس گئے اور بارش کا پانی دریا کی صورت جمع ہوگیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور پھنسی ہوئی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
شہر کی معروف ناگن چورنگی تا سہراب گوٹھ کی سڑک ہمیشہ کی طرح ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ٹریفک جام کا بدترین منظر پیش کرنے لگی۔ اسی طرح نارتھ ناظم آباد میں کچھ دیر کی موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جو نکاسی کا نظام ناکارہ ہونے کی وجہ سے رات تک شہریوں کا منہ چڑاتا رہا اور ٹریفک میں پھنسے ہوئے افراد انتظامیہ کی نااہلی کو کوستے رہے۔
شاہراہوں پر نوجوان پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے بند ہونے والی گاڑیوں خصوصاً موٹر سائیکلوں کو گھسیٹتے ہوئے نظر آئے، جب کہ فیملیز یا بچوں کے ساتھ باہر نکلے ہوئے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ رات گئے تک کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی بدترین صورت حال دیکھی گئی۔