لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
خصوصی اجلاس کے دوران سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کے بارے میں بریفنگ دی۔
سیکرٹری انرجی نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کر سکتا، بجلی کابل غریب لوگوں کیلئے ہی نہیں، ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے، ہم نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایاتھا؟ سب کو پتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہو گا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لیے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں، سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا، 2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا۔