لاہور:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی 12 کیسز میں جسمانی ریمانڈ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوارا الحق پنوں پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 22 جولائی کو سماعت کرے گا۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی جانب سے 12 درخواستیں دائر کی گئیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہو ر نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا ہے کہ جیل میں قید ہوں پولیس پہلے بھی تفتیش کر چکی ہے۔ جسمانی ریمانڈ دیتے وقت قانون کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ اے ٹی سی کی جانب سے بارہ مقدمات میں دیا گیا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے۔