پشاور:سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نئے الیکشن کے لیے پختونخوا اسمبلی تحلیل اور قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے پر بھی راضی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے سربراہ کامران مرتضیٰ ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں مولانا لطف الرحمٰن، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد ہوں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یہ کمیٹی تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرے گی اور باہمی مشاورت کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہمارا اختلافِ رائے ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ تلخیاں تھیں، مگر اب تعلقات معمول پر لائے جا رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان سمیت سیاست دانوں پر مقدمات نہیں بننے چاہییں۔ فوج الیکشن سے لاتعلق ہو جائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔
انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہییں۔ نگراں سیٹ اپ کا تصور ختم کیا جائے۔ نئے صاف شفاف انتخابات کےلئے پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفے کے لیے راضی ہے۔