بھارت :حلال مصنوعات بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

199

نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں ایک اور مسلم مخالف اقدام منظر عام پر۔ ریاست اتر پردیش میں مصدقہ حلال مصنوعات بیچنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا۔ مودی کے مسلسل تیسری بار برسر اقتدار آنے کے بعد مسلم مخالف اقدامات میں تیزی آ گئی ہے اور اب ریاست اترپردیش میں حلال اشیا فروخت کرنے پر بھی پابندی عاید
کردی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی نے یوپی میں کانوڑ یاترا کے راستوں پر کھانے پینے کی دکانوں پر مالک کا نام اور شناخت لکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی حلال مصدقہ مصنوعات فروخت کرنے پر سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے اس مسلم مخالف اقدام کا جواز گھڑتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ یوپی حکومت نے کانوڑ یاتریوں کے ”عقیدے کی پاکیزگی“ کو برقرار رکھنے کے لیے کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل مظفر نگر پولیس انتظامیہ کی جانب سے ایسے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس میں تمام دکانداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ دکان کے مالک کا نام اور شناخت لکھیں، جس کے بعد کئی دکانوں پر ان کے نام بھی لکھے ہوئے دیکھے گئے۔ دوسری جانب کانگریس، ایس پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اس کو متعصبانہ اور سماجی جرم قرار دیتے ہوئے ناقابل عمل قرار دیا ہے اور ریاستی حکومت سے یہ متنازع فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مذکورہ جماعتوں کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ یوگی نے باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ عدالت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، اس معاملے پر ردعمل بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ایس پی اور کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے شناخت ظاہر کیے جانے پر سوال اٹھائے ہیں۔