سکھر،4 افراد ڈوب گئے،پولیس کارروائی میں5 ملزمان گرفتار

294

سکھر (نمائندہ جسارت) 24 گھنٹے کے دوران لڑکی اور لڑکے سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، دریائے سندھ کے کنارے واقع سات سہیلیوں کے مزار کے قریب دریائے سندھ سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نہ ہوسکی، لاش شناخت کے لیے روہڑی تعلقہ اسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی گئی، روہڑی اولپر فیکٹری کے قریب سے نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے جبکہ کندھرا کے قریب ایک لڑکی میرواہ نہر میں ڈوب گئی۔ دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش 2 روز کے بعد دادو کینال سے برآمد کرلی گئی، شرف آباد کا رہائشی عبداللہ میرانی نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا جس کی لاش سکھر بیراج کے مقام پر دادو کینال سے برآمد کر لی گئی۔ دوسری جانب ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کا شہر کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم، ترجمان پولیس کے مطابق پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے تھانہ روہڑی کا حدود میں دوران اسنیپ چیکنگ، بھاری مقدار میں شراب کی 48 بوتلیں اور منشیات گٹکا پیکٹ سے بھری 2 گاڑیاں برآمد کر لیں جبکہ 5 ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں صدام ملک، ولی محمد، غلام حیدر کلہوڑ اور الطاف ملک شامل ہیں، جبکہ دیگر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم ناصر علی شاہ کی کار سے منشیات گٹکا کے 56 عدد پیکٹ برآمد کیے گئے۔