لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس نے منشیات کی سپلائی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے عادی اور بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد چرس، جبکہ دوسری کارروائی میں مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی حیدری پارس بکرانی کی نگرانی میں تھانہ دڑی کی پولیس نے عادی اور بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے بتایا کہ گرفتار منشیات فروش کی شناخت صابر ولد شریف عرف شرفو ابڑ کے نام سے ہوئی ہے جس سے 1400 گرام چرس برآمد کر کے اس کے ساتھیوں اور خریداروں کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب دڑی پولیس نے 14 جولائی کو چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر کے اصل مالک ذوالفقار کلیار کے حوالے کر دی ہے۔