لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جماعت اسلامی حلقہ لاہور کے تنظیمی اجلاس میں شرکت کی، 26 جولائی کے اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا، امیر حلقہ ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، قیم حلقہ خالد احمد بٹ، نائب امرائے حلقہ اور امرائے اضلاع سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، الحمدللہ لاہور کی پوری ٹیم اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے بھرپور سرگرم اور پْرعزم ہے، ان شاء اللہ تعالی کارکنان و عوام دیے گئے ہدف سے بڑھ کر اسلام آباد دھرنے میں شریک ہوں گے۔اس موقع پر محمد جاوید قصوری نے دھرنے کے انتظامی امور اور حکمت عملی کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور سے ہزاروں افراد 26جولائی کے دھرنے میں شرکت کریں گے۔حکمرانوں نے ہر طبقہ کو شدید مایوس کیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت میں بے انتہا اضافہ ہو چکا ہے۔25کروڑ عوام کو کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ظالمانہ بجلی کے بلوں اور ٹیکسوں کے شکنجے سے نجات کے لیے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ کوئی بھی میدا ن میں نہیں ہے۔ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھن لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔تنخواہ دار طبقہ 375ارب روپے براہ راست ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ کو اشرافیہ39سو ارب روپے کے ٹیکس چہو ٹ حاصل ہے۔ پی ڈی ایم ون، ٹو اور کیئر ٹیکرز کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ،بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے پاکستان انسانی ترقی کی عالمی فہرست میں ہیٹی اور زمبابوبے جیسے ممالک سے بھی بہت پیچہے ہے۔ کرپٹ مافیاز نے ملک و قوم کو اپنی گرفت میں جکڑ رکھا ہے۔جماعت اسلامی اس کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بند بجلی گھروں کو سالانہ 2ہزار ارب روپے کی ادائیگیوں کا انکشاف تشویشناک ہے آئی پی پیز معاہدوں کو قوم کے سامنے لایا جائے اس پر نظر ثانی کی جائے۔ایسے تما م معاہدے جو ملک و قوم کے مفاد کے منافی اور سلامتی کے خلاف ہیں منسوخ کیے جائیں۔