راولپنڈی (بی این پی )کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اٹک، جہلم اور مری کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینشن سید نذارت علی،سی ای او آر ڈبلیو ایم سی ساجد صفدر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید سبطین کاظمی سمیت واسا، سول ڈیفنس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق حکومتی اقدامات کے حوالے سے غور کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی کو تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سی ای او آر ڈبلیو ایم سی ساجد صفدر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع راولپنڈی کی 179 یونین کونسلز میں سے 118 کو زیرو ویسٹ بنا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کی 577 میں سے 406 یونین کونسلز کو زیرو ویسٹ بنا دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں صاف ستھرا پنجاب صفائی مہم جاری ہے۔ واسا حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپندی میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد 151 ہے اور یہ تمام فعال ہیں جبکہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد 428 ہے جن میں سے 427 مکمل طور پر فعال ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے حکام نے کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا کہ وال چاکنگ کو مٹایا جا رہا ہے، مین ہول ڈھکن لگا دئیے گئے ہیں۔ سٹریٹ لائٹس جہاں خراب ہیں، وہاں سٹریٹ لائٹس لگانے کا عمل جاری ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روان برس راولپنڈی میں ڈینگی کے 29 جبکہ ڈویژن میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 33 رہی۔ انسداد ڈینگی ٹیموں کی جانب سے آوٹ ڈور اور ان ڈور سرگرمیاں جاری ہیں۔ کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں۔ بتایا گیا کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ مری روڈ، کمرشل مارکیٹ، صادق اباد، محمدی چوک خیابان سرسید اور گوالمنڈی کے مقام پر مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صاف ستھرا پنجاب صفائی مہم کامیابی سے جاری ہے۔