اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف تحریک اعتماد لا کر بہت بڑی غلطی کی تھی،تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اس سلسلے میں تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد اعلان ہوگا۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنمان لیگ کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے منع کرنے پر عمران خان اپنے چار سالہ دور اقتدار میں اپنے بیٹوں سے کبھی بھی نہیں ملے۔سپریم کورٹ کے کسی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کی بات نہ کسی نے کی اور نہ ہی کسی کو اس بارے میں سوچنا چاہیے۔ وہ ہمارا آئینی ادارہ ہے اور سب سے بڑی عدالت ہے،اس کا حکم سر آنکھوں پر،حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اس حوالے سے ایک رائے موجود ہے اور ہم سادہ اکثریت والی حکومت نہیں ہیں اس لیے جو بھی کریں گے وہ اتحادیوں کی مشاورت سے کیا جائیگا۔