اشرافیہ اور عوام ایک ساتھ کبھی ترقی نہیں کر سکتے

49

کرا چی (کامرس رپو رٹر) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ جس ملک سے عوام اور بزنس مین بھاگ رہے ہوں وہ کیسے ترقی کر سکتا ہے۔ تیسری دنیا میں سیاست سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار ہے اسی لئے عوام کی حالت خراب ہے۔غریب ممالک میں اشرافیہ اور عوام ایک ساتھ کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔غریب ممالک میں اشرافیہ کی خاطر عوام کے مفادات کو قربان کیا جاتا ہے اس لئے یہ ممالک بھیک کے بغیر نہیں چل سکتے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ انکم سپورٹ پروگرام کے زریعے غریب کو غریب رہنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔اس سرمائے کوکارخانے لگانے کے لئے استعمال کیا جائے یا عوام کو چھوٹا کاروبار کرنے کے لئے قرضے دیئے جائیں تو بہتر نتائج نکلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمت مسلسل بڑھائی جا رہی ہے جس سے عوام اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں مگر ان شعبوں میں نا اہلی، سیاست اور کرپشن ختم کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔ عوام پہلے ہی اشرافیہ کی آئی پی پیز کے ڈسے ہوئے ہیں اور اب نئی آئی پی پیز لگا کر ان سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ایک سرکاری اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں سالانہ چالیس ارب روپے کی گیس چوری ہو رہی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں 570 فیصد تک اضافہ کیا جا چکا ہے اور مزید اضافے کا امکان ہے مگر چوری ختم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے جس کا خمیازہ عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔