گورنمنٹ نیشنل کالج نے شفیع الدین میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

197
کراچی: مہمان خصوصی رکن سندھ اسمبلی نجم مرزا اور یوسف پاکستانی شفیع الدین میموریل کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم نیشنل کالج کے کپتان فہد درانی کو ٹرافی دے رہے ہیں، اس موقع پر آرگنائزر اعجاز احمد اور دیگر بھی موجود ہیں

کراچی( اسپورٹس رپورٹر ) واحد اسپورٹس کرکٹ کلب کورنگی کے زیراہتمام 2 روزہ شفیع الدین میموریل کلرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ نسیم حمید اسپورٹس اکیڈمی اور پاک کورنگی کرکٹ گرائونڈ کورنگی میں کھیلا گیا، ٹورنامنٹ کا میگا فائنل گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ اور کورنگی چیلنجرز کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا جو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل کالج نے 6 وکٹوں سے جیت لیا، میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، کورنگی چیلنجرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 87رنز اسکور کئے، کورنگی چیلنجرز کی جانب سے سعدنے شاندار 35 رنز احمد نے 22اور کپتان حمزہ انصاری نے 20 رنز اسکور کئے جبکہ نیشنل کالج کے رافع نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جوابی بیٹنگ میں گورنمنٹ نیشنل کالج کے بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ اسکور 4.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جبران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہو 51 رنز ناٹ آئوٹ اور اویس نے 22 رنز اسکور کئے، کورنگی چیلنجرز کے شایان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی رکن سندھ اسمبلی نجم مرزا اور سفیر امن پاکستان یوسف پاکستانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ کے کپتان فہد درانی کو ونر ٹرافی کورنگی چیلنجرز کے کپتان حمزہ انصاری کو رنر ٹرافی اور نیشنل کالج کے جبران کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ پیش کیا جبکہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے والے کھلاڑی کو مین آف دی میچ اور دونوں سیمی فائنل کے بہترین کھلاڑیوں کو بھی انعامات پیش کئے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نجم مرزا اور یوسف پاکستانی نے شاندار ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر ٹورنامنٹ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔