جماعت اسلامی اور تحریک آزادی کشمیر

364

جماعت اسلامی اقامت دین، بندگی رب، اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے قیام اور کشمیر کی آزادی کے لیے اوّل روز سے جدوجہد میں مصروف ہے۔ جماعت اسلامی کا تحریک آزادی کشمیر میں کلیدی کردار ہے۔ کارکنان جماعت اسلامی نے اپنے لہو سے تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کی ہے۔ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر حلقہ پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں جما عت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی اور یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب ہوئی۔ تقریب کی صدارت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر راجا فاضل تبسم نے کی۔ سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر سردار اعجاز افضل خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے سابق امیر جماعت اسلامی کشمیر سردار اعجاز افضل خان، نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نور الباری، نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر و امیر حلقہ پاکستان راجا فاضل تبسم، کمانڈر عبدالعزیز، سعید جوش ایڈووکیٹ، عطا الرحمن چوہان، واجد اقبال عباسی، جاوید الرحمن ترابی، صالح طاہر، ثنا اللہ ڈار، عمیر میر اور راجا بشیر عثمانی نے خطاب کیا۔

جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر سرداراعجاز افضل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اوّل روز سے اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے قیام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے مصروف کار ہے۔ جماعت اسلامی کا تحریک آزادی کشمیر اور آزاد خطے میں نظام کی تبدیلی اور موجودہ فرسودہ اور استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے گراں قدر کردار ہے۔ جماعت اسلامی نے ہر دور میں حق کا علم بلند رکھا ہے۔ مشرف فارمولے کو جرأت سے مسترد کیا، قائد حریت سید علی گیلانیؒ نے کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی وقف پر قائم رہتے ہوئے جدوجہد کو آگے بڑھایا ہے، آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے اہداف کے حصول کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ان شااللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔

جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر و امیر حلقہ پاکستان راجا فاضل تبسم نے کہا کہ ہم آج کے دن جہاں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور تجدید عہد بھی کیا کہ حالات خواہ جیسے بھی ہوں ہم اپنے نصب العین اور مشن سے جڑے رہیں گے۔ راجا فاضل تبسم کہا کہ 13 جولائی کے شہدا سمیت لاکھوں شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے گرم گرم خون کو پیش کیا، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر نور الباری نے خطاب کیا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا قیام انتہائی مشکل اور کٹھن دور میں ہوا جماعت اسلامی کے قائدین نے شدید مخالفت کے باوجود حق کے علم کو بلند رکھا اور اس تحریک کو ہم تک پہنچایا ہے اس تحریک کی بنیادوں میں ہمارے بزرگوں کا خون شامل ہے انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہدائے کشمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

کمانڈر عبدالعزیز نے خطاب کیا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ کارکنان جماعت قرآن پاک سے اپنا تعلق مضبوط کریں۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی مہربان کے بتائے طریقے کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزاریں اور اپنی سیرت و کردار کو اسلام کے سانچے میں ڈالیں۔ ہمارے خطابات اور تقریروں سے زیادہ ہمارا کردار لوگوں کو اپیل کرتا ہے، ہمیں اپنے کردار کی پختگی پر توجہ دینا ہوگی۔ جماعت اسلامی ضلع باغ کے سابق امیر سعید جوش ایڈوکیٹ نے کہا کہ آزاد خطہ میں جماعت اسلامی کا جو پودا ہمارے بزرگوں نے لگایا تھا الحمدللہ آج وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے، ہمیں اپنے ان شہدا کو ہر لمحہ اور ہر گھڑی یاد رکھنا ہے جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے اپنے خون کے نذرانے پیش کیے۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع اسلام آباد کے امیر عطا الرحمان چوہان نے کہا کہ آج یوم شہدائے کشمیر اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی گولڈن جوبلی ہے ہم آج کے دن تحریک آزادی کشمیر کے لاکھوں شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں اور جس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اس مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع راولپنڈی کے امیر واجد اقبال عباسی نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ہر جابر سے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہا ہے اور کشمیر پر اپنے اصولی موقف کو کھل کر پیش کیا ہے۔ جماعت اسلامی شہدائے کشمیر کی امانت ہے ہمیں اس تحریک کو مضبوط بنانا ہوگا کشمیر فورم کے صدر جاوید الرحمان ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے سفارتی محاذ پر بھرپور کام کیا۔ محترم پروفیسر الیف الدین ترابی مرحوم نے بطور خاص عرب ممالک میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بے پناہ کام کیا ان کے مشن کو جاری رکھنا ہوگا۔