اسلام آباد (اے پی پی/آن لائن)وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی جمعہ کو وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں،انہوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی اور زخمیوں کے علاج کے لیے عمان کی جانب سے فوری اقدامات اور پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے عمان کو دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق میاں شہباز شریف سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا، ہواوے سے مختلف شعبوں میں بالخصوص نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے اشتراک سب سے اہم ہے، ہواوے کی مدد سے سالانہ3 لاکھ پاکستانی طلبہ و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ اور اٹارنی جنرل پاکستان نے ملاقات کی۔جس میں تحریک انصاف پر پابندی ،سنی اتحاد کونسل کی درخواست پرعدالت عظمیٰ کے دیے گئے فیصلے اور مسلم لیگ کی جانب سے دائر کی گئی نظر ثانی اپیل اورایڈہاک ججزکی تعیناتی سمیت کئی اہم آئینی وقانونی پہلوؤں پر وزیراعظم پاکستان کوبریفنگ دی گئی ہے۔ادھربین الاقوامی ملٹی سیکٹر پارٹنرشپ پروگرام جنریشن ان لمیٹڈ کا پاکستان میں سیکرٹریٹ قائم کردیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری دیدی،جنریشن ان لمیٹڈ ایڈوائزری کونسل اور ٹیکنیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔