کراچی میں جماعت اسلامی کی اپیل پرنمازاستسقاء،بارش سے موسم خوشگوار

200
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی اپیل پر شدید حبس و گرمی سے نجات اور باران رحمت کے لیے شہر کے مختلف علاقوںمیں نماز استسقاء ادا کی جارہی ہے

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی اپیل پر شدید حبس و گرمی سے نجات اور بارشوں کے لیے جمعہ کو شہر بھر میں سیکڑوں مساجد اور مساجد سے متصل گراؤنڈز میں بعد نماز جمعہ نماز استسقا ادا کی گئی جس کی امامت ائمہ مساجد و علما کرام و جماعت اسلامی کے مقامی ذمے داران نے کی ، نماز استسقا میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہر میں باران رحمت کے برسنے اور شدید حبس و گرمی سے نجات کی دعائیں کی گئیں ۔کچھ ہی دیر بعد شہر پر بادل چھا گئے اور مختلف علاقوں میں ہلکی و تیزبارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے موسم خوشگوار ہوگیااور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔دریں اثنا منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں ائمہ مساجد،علما کرام اور شہریوں سے بھرپور اظہارتشکر کیا اور کہاکہ اللہ تعالیٰ شہریوں کی اجتماعی دعاؤں کو ضرور شرف قبولیت عطافرمائے گا اورمزید رحمت کی بارش سے اس شہر کونوازے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہم اس موقع پر سندھ حکومت ،کے ایم سی اورکے الیکٹرک کے حکام کو بھی ایک بار پھرمتوجہ کریں گے کہ وہ بارشوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے وقت ضائع کیے بغیر اپنی ذمے داریاں پوری کریں اور باران رحمت کو عوام کے لیے زحمت بننے سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں ۔ علاوہ ازیں کراچی میں شدید گرمی کے بعد بارش ہوگئی، شہر قائد میں درجہ حرارت 38.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا مگر ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہونے کے سبب 47 محسوس کیا گیا، کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مختصر ہیٹ ویو کے بعد شہرمیں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں بحال ہونے اور بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائوں کا اثر ختم ہونے کے باوجود جمعہ کو دن کے وقت شہر میں موسم گرم و مرطوب رہا، نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زائد گرمی محسوس کی گئی۔اس دوران جزوی ویو ہیٹ ویو جیسی صورتحال اور شدید حبس رہا، سہ پہر کے وقت کراچی مضافاتی علاقوں میں تھنڈر سیلز بننے شروع ہوئے جس کے نتیجے میں ابتدا میں گڈاپ ٹائون جبکہ بعد ازاں دیگر علاقوں گلستان جوہر، موٹروے ایم نائن، گڈاپ ٹائون، اسکیم 33، سرجانی ٹاون، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، پی آئی بی کالونی، بہادر آباد، سائٹ ایریا، اورنگی ٹائون سمیت مختلف مقامات پر کہیں ہلکی و کہیں درمیانی جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی،بارش سے قبل گلشن معمار اور سرجانی ٹاون سمیت کچھ مقامات پر کالی گھٹائیں چھانے کے علاوہ یخ بستہ گردآلود ہوائیں چلیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش یونیورسٹی روڈ پر 14.8 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، گڈاپ ٹائون میں 13.6، حسن اسکوائر پر 7 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 6.2، شارع فیصل پر6، ملیرہالٹ 3.2، سرجانی ٹاون2.4، اولڈ ائرپورٹ 1.8جبکہ سب سے کم بارش شہر کی ساحلی پٹی ابراہیم حیدری پر ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر میں دوپہر سے شام کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کل ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 22 جولائی سے سمندری ہوائوں کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے، اس دوران نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کا موسم قدرے بہترہونے کی توقع ہے۔ جمعہ کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.5ڈگری جبکہ نمی کاتناسب 79 فیصد رہا، ہیٹ انڈیکس 47 ڈگری محسوس کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی تک وقفے وقفے سے تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ دادو،جامشورو، نوشہرو فیروز اور شہید بے نظیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی و موسلادھار بارش کی توقع ہے۔