کراچی(اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کراچی کے لیے ایک خطرہ بن چکی ہے اس کی بیڈ گورننس میں کراچی کے عوام کاحق مارا جارہا ہے ،سندھ حکومت میں بیٹھے یہ سب کھارہے ہیں اور وصولی عوام سے کی جارہی ہے ،اوپر سے نیچے تک میونسپل افسران اور؎ ڈائریکٹرز بھاری رقوم دے کرتعیناتی کراتے ہیں اور پھر نیچے سے کماکر اوپر تک مال پہنچاتے ہیں،کراچی کے عوام کا بجٹ کراچی پر نہیں لگ رہا ،عوام روز بروز بنیادی ضروریات سے محروم ہوتے جارہے ہیں ،پانی گھروں کے نلکوں میں دستیاب نہیں، ٹینکر مافیا کا راج ہے ،سیوریج سسٹم ناکارا ہوچکا ،کھلے مین ہول بچوں کے لیے موت کا کنواں ثابت ہورہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپوزیشن آفس کے ایم سی بلڈنگ میں بلدیاتی رپورٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف مبشر الحق،کوآرڈینیٹر سید جواد شعیب یوسی چیئرمین نعمان الیاس، آفاق بیگ،ابرار احمد،طلحہ احمد خان، عمیر اکرم اور قاری منصور بھی موجود تھے۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا اور قبضہ مئیر مسلط کردیاگیا۔ایک سال ہوگئے یوسی چیئرمین بے اختیار بیٹھے ہیں اپوزیشن لیڈر کو ایک سال بعد کمرہ بیٹھنے کے لیے ملا۔انہوں نے کہا کہ اکثریت میں ہونے کے باوجود جماعت اسلامی اورتحریک انصاف اپوزیشن میں اور اقلیت حکومت کررہی ہے۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ سندھ کا محکمہ بلدیات بھیانک صورتحال سے دوچار ہے ہر جگہ پیسہ اور سفارش کاراج ہے۔ بغیر رشوت کوئی فائل بلدیاتی افسران آگے نہیں بڑھاتے ۔انکاکہناتھا کہ میونسپل کمشنر سمیت تمام میونسپل افسران یوسی سیکرٹریز تک پیسے لگاکر اپنا تقرر کرارہے ہیں۔ ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی ہی اس لیے کہ وہ افسر کراچی سے کما کر دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی واٹر کارپوریشن 2 ڈھائی کھرب قرض لے رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں کہ یہ پیسہ کہاں لگ رہاہے ۔قابض مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کام لینا جانتے ہیں نہ کرنا جانتے ہیں۔مئیر کراچی کونسل کے اجلاس میں کسی رکن کو بولنے بھی نہیں دیتے ۔ انہوں نے کہاکہ مرتضیٰ وہاب خود پیپلز پارٹی کے چیئرمینوں کو بھی اختیارات نہیں دینا چاہتے،خود کو ایڈمنسٹریٹر سمجھتے ہیں اورڈکٹیٹر کی طرح کونسل چلانا چاہتے ہیں۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے درخواست کی کہ کراچی کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مسائل کی درست نشاندہی کریں انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کے ایم سی اور لوکل گورنمنٹ میں کرپشن کا پردہ چاک کیاجائے اور کراچی کے عوام کا پیسہ کھانے والوں کو بے نقاب کیاجائے۔ جماعت اسلامی تمام بلدیاتی میونسپل اداروں کی گورننس پر ورکنگ کررہی ہم جلد حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی امید اورشہر کی سب سے بڑی جماعت ہے ،ہم عوام کو تنہانہیں چھوڑیںگے ہر فورم پر عوام کا مقدمہ لڑیںگے۔