لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر کسی نے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، تحریک انصاف نے جو مانگا بھی نہیں اسے وہ مل گیا، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی خاتون بے گناہ جیل جائے تو دکھ ہوتا ہے لیکن ملک میں آگ لگانے والے معصوم نہیں ہیں۔ ایک عورت نے اس ملک پر حملہ کیا اور تنصیبات کو آگ لگائی اس کو ضمانت دی گئی۔ ایک شخص کو 4 سال حکومت ملی تو ایسی تباہی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ آج عوام پر جو مصیبتیں آئی ہیں یہ انہیں چار سالوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ضروری کمی ہوئی ہے اور شہبازشریف کو کچھ مشکل فیصلے کرنے پڑے، ماضی کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے شہبازشریف کو مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں تو اس کی چند وجوہات ہیں، پچھلے 4،5 سالوں میں ملک کی معیشت کے ساتھ جو ہوا ہے، جہاں پر یہ لوگ آگئے تھے، جو کہتے تھے کہ ہم آلو، ٹماٹر، پیاز کی قیمت معلوم کرنے نہیں آئے ہیں، آج انہیں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو ان حالات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا آج میرے والد نواز شریف روز مجھے یہ ہدایت کرتے ہیں کہ آپ نے آٹے کی قیمت بڑھنے نہیں دینی کیوںکہ غریب اور کچھ کھائے یا نہیں، وہ روٹی ضرور کھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، 2013 سے 2018 تک جو ترقی ہوئی تھی ہمیں اس کے مقابلے میں تنزلی کی جانب جاتا ہوا پاکستان ملا تھا، لیکن اللہ کا شکر ہے نہ صرف معیشت بہتر ہوئی ہے بلکہ مہنگائی میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا، پی ٹی آئی کو وہ دیا گیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا، ملک جب بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے، اگر کسی نے سیاسی عدم استحکام لانے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔