کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر مرکزی رہنما، چودھری نعیم کریم نے بنوں کینٹ اور رورل ہیلتھ سینٹر میں ہونے والی دہشت گردی میں فوجی جوانوں کی شہادتوں اور دیگر واقعات میں شہید ہونے والے افرادکے اہل خانہ کیساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صوبائی رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کے اصلی دشمن نہیں چاہتے کہ وہ اسے پْر امن اور ترقی کی جانب جاتا ہوا دیکھیںتمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم کو تکمیل تک پہنچائے لیکن پاکستان کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر اس وطن عزیز کی حفاظت کریں اس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان کے تمام طبقوں، عوام اور سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کا آغاز کرے تاکہ سب کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت متحد کیا جاسکے ہمیں مذہب، زبان، سیاست اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً نواز شریف اور شہباز شریف ہمیشہ پاکستان کی بہتری اور عوام کی فلاح کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور موجودہ حالات میں بھی ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔ چودھری نعیم کریم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور دہشت گردی جیسے واقعات کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے یہ واقعات نہ صرف پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ہمارے معاشرتی پلان کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا ہوگا ان کی جرات اور قربانیوں کے بغیر ہم ان مشکلات کا سامنا نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ہمیں اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی یہ وقت ہے کہ ہم ایک قوم بن کر ان چیلنجز کا سامنا کریں اور ایک متحد و مستحکم پاکستان کی تعمیر کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو بھی آگے آکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تعلیم اور شعور کے ذریعے ہم اپنے نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کے معمار بنا سکتے ہیںہمیں اپنی نئی نسل کو ان عوامل سے بچانا ہوگا جو ہمارے ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں اور انہیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جانا ہوگا۔