سکھر(نمائندہ جسارت) ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ سکھر شہر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس کی جلد منظوری دے دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے 10 محرم الحرام کے جلوسوں کے انتظامات اور مرکزی جلوس کے دورے کے بعد پولیس کنٹرول روم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو اور ایس ایس پی سکھر امجد شیخ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سیف سٹی پروجیکٹ کی باتیں کی جاتی ہیں، اس قسم کا کوئی پروجیکٹ نہیں تھا۔ ماضی میں ایم این اے فنڈز اور اے ڈی پی اسکیم کے تحت شہر میں کیمرے نصب کئے گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے اداروں میں چیزیں بنانے کی صلاحیت ہے، لیکن ان کو چلانے کا کوئی نظام نہیں ہے، جس کے باعث سکھر شہر میں لگائے گئے کیمرے نان فنکشنل ہوگئے، جن کو فنکشنل کرنے پر ڈپٹی کمشنر سکھر کام کر رہے ہیں۔