آئی ٹی کی برآمدات سے ہم صرف 2.68 ملین کما ر ہے ہیں

141

فیصل آباد (کامرس رپو رٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹرخرم طارق نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات سے ہم صرف 2.68ملین جبکہ انڈیا 150بلین سے زائد کما رہا ہے اسلئے ہمیں بھی آئی ٹی کوفروغ دینا ہوگا۔ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے تعلیمی ادارے جن طلبہ کو آئی ٹی کی تعلیم دے رہے ہیں ان میں بھی عملی مہارت کا فقدان ہے جبکہ 70فیصد طلبہ روزگار کیلئے فیصل آباد کو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں اسلئے ہماری کوشش ہے کہ انہیں جدید اور عملی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ نہ صرف آئی ٹی پروگرام تیار کر کے ان کو برآمد کر سکیں بلکہ عالمی سطح پر اپنی خدمات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکیں۔انہوں نے کہا کہ دو سال قبل جب انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی صدارت کا منصب سنبھالا تو فیصل آباد کی شناخت اس کا ٹیکسٹائل سیکٹر تھا جو پرانی مشینری اور ٹیکنالوجی کی وجہ سے زوال پذیر تھالیکن انہوں نے فیصل آباد کو ملک کا متحرک اور اچھوتا شہر بنانے کیلئے اس کو ٹیک اینڈ سٹائل کا نام دیتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی نشاندہی کی تھی تاہم یہاں مصنوعی ذہانت کے فروغ کیلئے مکمل ماحول مہیا کرنا ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ سیلانی نے بھی اس شعبہ پر توجہ دی اور اب ہم اس شعبہ سے 3.6بلین کا زرمبادلہ کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے ایک بار پھر ہمیں ترقی کرنے اور عالمی سطح پر اپنی ذہانت کا لوہا منوانے کا موقع دیا ہے۔