منشیات اسمگلنگ کرنے پر پاکستانی کو سعودی عرب میں سزائے موت

347

ریاض: سعودی عرب میں منشیات اسمگل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر پاکستانی کو سزائے موت دے دی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستانی شہری پر سعودی عرب میں ہیروئن اسمگل کرنے کا الزام تھا، جو عدالت میں ثابت ہوگیا، جس پر عدالت نے پاکستانی شہری کتاب گل کو موت کی سزا سنا دی۔

قبل ازیں ملزم پاکستانی شہری کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، جس نے ملزم کی سزا کو برقرار رکھا اور بعد ازاں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی، مگر وہاں بھی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت برقرار رکھنے اور پھر شاہی فرمان کے اجرا کے بعد منشیات فروش کتاب گل کی سزائے موت پر عمل کردیا گیا ہے۔