نئی دہلی: بھارت نے بحرِ ہند کے چیگوز جزائر کی ملکیت کے حوالے سے برطانیہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ماریشیس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بھارت کے وزیرِخارجہ ایس جے شنکر نے ماریشیس کی حکومت کو یقین دلایا ہے کہ اُن کا ملک ہر فورم پر ماریشیس کے دعوے کی حمایت کرے گا۔ امریکا کی اسٹریٹجک ایئر بیس ڈیگو گارشیا بھی چیگوز جزائر کا حصہ ہے۔ اِن جزائر پر برطانیہ کا کنٹرول ہے۔ ماریشیس برطانوی کنٹرول ختم کرکے چیگوز جزائر کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتا ہے۔
چیگوز جزائر پر برطانیہ کا کنٹرول برٹش انڈین اوشن ٹیریٹری نامی معاہدے کے تحت ہے۔ برطانوی بحریہ نے ماریشیس اور چیگوز جزائر کا کا کنٹرول 1814 میں سنبھالا تھا۔ برطانیہ نے 1966 میں ڈیگو گارشیا امریکا کو لیز پر دیا تھا جو اس خطے میں ایک اسٹریٹجک ایئر بیس بنانا چاہتا تھا۔
1960 اور 1970 کے عشرے میں چیگوز جزائر سے دو ہزار مقامی باشندوں کو نکال دیا گیا جنہیں کئی سو میل دور ماریشیس اور سیشلز جزائر میں آباد کیا گیا۔
چیگوز جزائر کے اصل باشندے، جو دراصل افریقا سے لائے گئے غلاموں کی اولاد ہیں، تب سے اب تک قانونی جنگ لڑ رہے ہیں تاکہ اپنی آبائی زمین پر دوبارہ آباد ہوسکیں۔