عمران خان کی جلد رہائی کا امکان نہیں، حکومت مزید 18 ماہ رہے گی، فچ کی پیش گوئی

342

اسلام آباد:عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی حکومت مزید 18 ماہ باقی رہے گی جب کہ عمران خان کی مستقبل قریب میں رہائی کا امکان نہیں ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق فچ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت 18 مال تک مزید برقرار رہے گی اور اگر یہ حکومت ختم ہو جاتی ہے تو پاکستان میں ٹیکنوکریٹس کا سیٹ اپ آئے گا۔ رپورٹ کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جلد رہائی کا امکان نہیں ہے۔

فچ نے پاکستان سے متعلق اپنی رپورٹ میں مزید پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان مستقبل قریب میں قید ہی رہیں گے۔ عام انتخابات میں جیتنے والے آزاد امیدواروں کو عمران خان کی حمایت حاصل تھی، جب کہ آئندہ ہونے والے احتجاج اور مظاہرے پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متاثر کریں گے۔

تازہ رپورٹ میں فچ نے کہا ہے کہ اگلے چند برسوں میں زراعت کو سیلاب اور خشک سالی سے خطرہ ہے، بجٹ میں کیے گئے مشکل فیصلے آئی ایم ایف پروگرام کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ رواں مالی سال کے اختتام تک مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوسکتی ہے اور مالی سال کے اختتام تک شرح سود 14 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔

فچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے بجٹ میں مشکل ترین معاشی اہداف مقرر کیے کیونکہ پاکستان مالیاتی خسارے کو 7.4 سےکم کرکے 6.7 فیصد پر لانا چاہتا ہے۔ فچ نے حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے پیش گوئی کی کہ ن لیگ کی حکومت 18 ماہ تک رہے گی اور اس کے بعد پھر ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنے گی۔