عزاداروں کو ہر سہولت فراہم کر رہے ہیں، کمشنر شہید بینظیر آباد

183

نواب شاہ (پ ر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر نے گزشتہ رات محرم الحرام کے سلسلے میں مختلف ماتمی جلوسوں کے روٹس اور مرتضوی امام بارگاہ، قمر بنی ہاشم اور امام برگاہ حسینیہ سجادیہ کا دورہ کرکے سیکورٹی، صفائی، روشنی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور منتظمین سے ملاقات کرکے ان سے مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن، مئیر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈپٹی مئیر مبشر آرائیں، ڈی ایس پی پولیس عبدالحمید جلبانی اور میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر کمشنر نے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کی مدد سے ماتمی جلوسوں اور مجالس کو سیکورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال اولین ترجیح ہے۔ کمشنر نے کہا کہ کربلا صبر و استقامت کے ساتھ مظلوموں کی حمایت کا درس دیتی ہے، اتحاد بین المسلمین کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں بھائی چارے اور امن وامان کو فروغ حاصل ہو جو ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ کمشنر نے کہا کہ حسینیت ظالم و ظلم کے خلاف قیام و قربانی اور مظلوم کی حمایت کا درس دیتی ہے، فلسفہ شہادت امام حسین ؑ کو سمجھنے کی جتنی ضرورت آج ہے، شاید پہلے کبھی نا تھی۔