صرف پاکستان میں پیٹرول مہنگا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے، مزمل اسلم

61

پشاور (آن لائن) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے بجلی اور پیٹرول قیمتوں کے اضافے پر ردعمل میں کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں75 سے 85 ڈالر کے درمیان ایک سال سے نرخ مستحکم ہے جبکہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے جھولے ہی ختم نہیں ہو رہے، یقیناً اس دفعہ بھی کچھ ٹیکس اور کوئی کیلکولیشن ایڈجسٹمنٹ شامل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مہنگے بجلی گھر نواز شریف کے لگائے ہوئے ہیں جبکہ کچھ پیپلز پارٹی کے دوسرے دور حکومت میں لگے تھے، ملک کے یہ سیاستدان خود کو عوامی نمائندہ کہتے ہوئے پاکستان کو لوٹ کے کھا گئے ہیں اور سارا ملبہ غریب عوام پرڈال دیا ہے مگر عوام ٹیکسوں سے پریشان اب بجلی اور پیٹرول کے حالیہ اضافے کو برداشت نہیں کر سکتی جبکہ پاکستان اب مہنگی ترین بجلی بیچنے والا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کی آنکھ مچولی اور بار بار پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کو چھیڑنا سمجھ سے بالاتر ہے، اس سارے عمل میں ڈسکوز کی نااہلی بھی شامل جو بجلی چوری میں مدد دیتی ہیں جس کا نقصان عوام کو ہے۔ پاکستان میں پن بجلی کی سستی قیمت آج بھی 10 روپے سے کم ہے، دوسرے طریقوں سے بجلی پیدا کرنے کے ایندھن کی قیمت بھی 10 روپے سے نیچے ہے، اصل جن بجلی گھروں کے کپیسیٹی چارجز ہیں جو اوسط 25 روپے یونٹ تک پہنچ چکے ہیں۔