کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان نے آئی سی سی کی مشاورت سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کو حتمی شکل دے دی ۔آئی سی سی چیف فنانس آفیسر انکر کھنہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ایف او جاوید مرتضی نے یہ بجٹ تیارکیا۔سری لنکا کے شہر کولمبو میں19 جولائی سے آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز شروع ہورہی ہیں، جس میں پی سی بی سربراہ محسن نقوی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے کل روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق کولمبو میں ہونیوالے اجلاس میں 22جولائی کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے تیار کردہ یہ بجٹ22 جولائی کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔اس روز صرف بجٹ کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے۔ہائی برڈ ماڈل سمیت کوئی دوسرا فارمولہ ایجنڈے میں نہیں رکھا گیا۔ اس کے ساتھ کوئی اضافی بجٹ یا ہنگامی بجٹ پر بھی بات نہیں ہوگی۔پاکستان کو 19فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے جس کے لیے پچز اور گرائونڈ آئی سی سی کے کیورٹر اینڈی ایٹکسن کی ہدایات کیمطابق تیار کیے جارہے ہیں۔