اسپین نے چوتھی مرتبہ یورپین فٹ بال چیمپئن شپ جیت لی

367
برلن: اسپین کی ٹیم چوتھی مرتبہ یورپین فٹ بال چیمپئن بننے کے بعد ٹرافی اٹھائے ہوئے خوشی کااظہار کررہے ہیں

برلن/لندن (سید عاصم علی قادری): اسپین چوتھی مرتبہ یورو کپ کا چیمپئن بن گیا،اس نے یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے17 ویں ایڈیشن کے فائنل میں انگلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے شکست دی، فتح کے ساتھ ہی ا سپین سب سے زیادہ 4 مرتبہ یورو کپ جیتنے والا ملک بن گیا،نکولس ولیمز اور میکل اویرزبال یوگارتینے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انگلینڈ کی طرف سے واحد گول کول جرمین پامر نے اسکور کیا۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن کے اولمپیا اسٹیڈیون میں اسپین اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلہ رہا،تاہم اسپین کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سب سے زیادہ چوتھی مرتبہ چیمپئن شپ کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اسپین کے نکولس ولیمز نے میچ کے 47 ویں منٹ پر ایک گول کر اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلادی۔انگلینڈ کے کول جرمین پامر نے میچ کے 73 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔