پشاور: ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہائی کورٹ کے ججوں کی حق تلفی ہوگی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ میں ریٹائرڈ ججز کی بطور ایڈہاک تعیناتی کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایڈہاک ججز تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی ہائیکورٹ ججز کی حق تلفی ہے۔
جنرل سیکرٹری پشاور ہائیکورٹ بار عالم خان ادینزئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئین آرٹیکل 182 کے تحت ایڈہاک ججز اس وقت تعینات ہوسکتے ہیں جب بہت زیادہ ضرورت ہو، اس وقت ایسی کوئی ضرورت نہیں کہ ریٹائرڈ ججز کو دوبارہ تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان آئین و قانون کے مطابق ہائیکورٹ کے سینئر ججز یا سینئر وکلاء کو سپریم کورٹ ججز تعینات کریں، عدالتی بحران ملک کو تباہی کی طرف لے جا سکتا ہے۔