سکھر،جماعت اسلامی کے تحت مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی

204

سکھر(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو کی قیادت میں صالح پٹ ٹاؤن میں امیر جماعت پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، بھاری ٹیکسوں کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ریلی سے امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مسلط نا اہل حکومت نے اپنے عوام دشمن ظالمانہ فیصلوں سے عوام کازندگی گزارنا مشکل تر کر دیا ہے، آئے روز مسلسل بجلی کے ٹیرف میں نت نئے ٹیکسوں اور ناموں سے نرخ بڑھانے جارہے ہیں، ایک جانب حکومت کی ناقص پالیسیوں سے مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے دوسری جانب بجلی گیس کے نرخ مسلسل بڑھانے جارہے ہیں، غریب عوام اب ان بلوں کی ادائیگی سے قاصر ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی نا اہل حکومت کو اپنے فیصلے واپس لینا ہوںگے۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 26 جولائی کا دھرنا ان شاء اللہ ملکی منظر نامہ تبدیل کر دے گا، دھرنا عوام دشمن فیصلوں کی واپسی تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں حکومت پارلیمنٹ کی نشستوں حکومتی استحکام کی ہارجیت کی بازی کھیلنے میں لگی ہوئی ہیں صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل پر آواز بلند کر رہی ہے۔