سندھ حکومت سولرپینلز اوربلاسود قرض اسکیم شروع کرے،ولی اللہ

288

کراچی (کامرس رپورٹر)ایس ایم ای فائونڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے سندھ حکومت، صدرمملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اپیل کی ہے کہ پنجاب حکومت کی طرح سندھ میں بھی 200یونٹس والے صارفین کو مفت سولرپینلز اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے اسکیم شروع کریں،زائد بجلی بلوں کی وجہ سے متوسط طبقہ سخت مالی مشکلات کا شکار ہے۔ولی اللہ خان نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی سولر پینلزاسکیم سے عوام کے بجلی بلوں میں 50فی صد کمی ہوگی۔عوام کو ریلیف دینا ہی حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی شرح میں ہوشربا اضافے سے ہزاروں چھوٹی صنعتیں بند ہوچکی ہیں جبکہ بڑے پیداواری یونٹس نے بھی پیداوار کم کردی ہے ،موجودہ معاشی ومالیاتی بحران میں حکومت چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں،توانائی کی شرح کم کرکے عوام کے ساتھ ساتھ تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی ریلیف دیا جائے تاکہ بڑھتے بیروزگاری کے خدشات کو دور کیا جاسکے۔