ایف پی سی سی آئی میں ریپبلک آف ملاوی کا یوم آزادی منایا گیا

116

کراچی (کامرس رپورٹر) صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کی تمام کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی جانب سے عبداللہ ذکی کو جمہوریہ ملاوی کا اعزازی قونصل جنرل مقرر کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عبداللہ ذکی کا تعلق کاروباری برادری سے ہے اور ایف پی سی سی آئی پرْ اعتماد ہے کہ وہ پاکستانی ایکسپورٹرز کے لیے ملاوی کے دروازے کھولنے میں کامیاب ہوں گے۔ صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے روشنی ڈالی کہ جنوب مشرقی افریقی ملک ملاوی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے؛ لیکن اس کے لیے ہماری برآمدات صرف 9 ملین ڈالر سالانہ ہیں۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ہمارے پاس ملاوی کو اپنی برآمدات بڑھانے کی خاطر خواہ گنجا ئش موجود ہے۔ پاکستان میں ملاوی کے اعزازی قونصل جنرل عبداللہ ذکی نے وضاحت کی کہ ملاوی میں پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے متنوع شعبوں جیساکہ ٹیکسٹائل، چاول، ادویات، آلاتِ جراحی،اسپورٹس گڈز، تعمیراتی سامان، موٹرسائیکل وغیرہ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں کے لیے بھی ملا وی ایک بہترین ملک ہے۔