بارش سے نمٹنے کیلئے ادارے مربوط حکمت عملی بنائیں، کاٹی

162

کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نیمحکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون سیزن کے آغاز پر شہری اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد اور انتظامات کے لیے شہری اور ضلعی سطح پر مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس کو فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چھوٹے بڑے نالوں اور سیورج لائنوں کی صفائی کا کام جلداز جلد مکمل کروایا جائے تاکہ کسی بھی علاقہ میں مون سون بارشوں کے دوران پانی جمع نہ ہو اور نکاسی آب کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا صنعتی و تجارتی شہر ہے جہاں بارش کے پانی کی نکاسی کا انتظام سب سے زیادہ ناقص ہے۔ شہر کا ناقص اور تباہ حال سیوریج سسٹم معمول سے زیادہ کی بارش کو برداشت نہیں کرسکتا۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ ضروری ہے کہ کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ایک منظم نظام تشکیل دیا جائے اور اس سے متعلق دیگر انتظامات کو بھی درست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر خاص طور پر کورنگی کے نشیبی علاقوں کی میپنگ اور نکاسی کے نظام کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔