راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی دینے کی اپیل کردی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے بطور وزیر 5سال معافی دی۔ اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں، مجھ پر 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10سال ختم نہیں ہوگی،عدلیہ کو سلام ہے، مخصوص نشستوں پر انہوں نے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے، بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہے ہیں،اپ اس ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں اپ حالات اتنے خراب کر دیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے یہ سیاستدانوں کا کام نہیں ہے۔ غریب زندہ مر گیا ہے۔ ملک کینیا کی طرف جا رہا ہے۔ نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائے گی، امید ہے کہ عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی اور بلوچستاں میں کیا حالات ہیں ملک میں لوگ اس حکومت پر لعنت بھیجتے ہیں ، گرمی میں لوگ مر رہے ہیں مگر کسی کو احساس نہیں، 77لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑنے کے لیے پاسپورٹ جمع کروا دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے لیے اپنی عزت اور ملک بچائیں ،ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی۔ نواز شریف نیا بیانیہ لائے گا اور عوام ذلیل ہونے کے لئے رہ جائے گی۔ عمران خان کو کیسے چھوڑیں گے۔ روز کہتے ہیں وہ آرہا ہے وہ نہیں آرہا۔ قبر ایک اور مردے 3 ہیں۔ نواز،شہباز کا بھی اب فیصلہ ہو گا۔ ایک مشرق دوسرا مغرب کو بھاگے گا۔