اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ایک اور ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی معاملات پر مشارت کی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ساتھ 3 دن میں یہ دوسری ملاقات ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیگی قیادت کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات نواز شریف کی رہائشگاہ پر ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے حوالے سے آنے والے فیصلے ، ملک کی سیاسی صورت حال اور پاکستان مسلم لیگ ن کی آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں لیگی قیادت نے فیصلہ کیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں جارحانہ پالیسی اختیار کی جائے گی اور تمام قانونی اور آئینی آپشنز زیر غور لائے جائیں گے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی جلد بلانے پر اتفاق کیا گیا۔