کراچی:شہر قائد میں کل منگل کے روز سے گرمی کی نئی لہر شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے، تاہم بدھ کی شام یا رات تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
آج پیر کے روز کراچی کا مطلع گرم و مرطوب رہا، سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب دن کے وقت حبس محسوس کیا گیا، شہر کے مضافاتی علاقوں مراد میمن گوٹھ، ملیر، موٹروے ایم نائن، کاٹھور، ہمدرد یونیورسٹی، سرجانی، گڈاپ ٹاؤن میں کہیں ہلکی جبکہ تیز بارش ہوئی، سرجانی ٹاؤن میں 0.7ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 0.6ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ(میٹ کمپلیکس )پر 0.2ملی میٹر بارش ہوئی۔
شہر پر بلوچستان کی شمال مغربی ہواؤں کے اثر انداز ہونے اور سمندری ہوائیں غیر فعال ہونے کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق ہوا کا کم دباؤ قریب آنے کی وجہ سے منگل اور بدھ کو شہر میں موسم مزید گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوسکتا ہے، نمی کا تناسب 55 سے 65 فیصد کے درمیان رہنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔