پشاور،چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک بیس کنٹرول روم کا دورہ

45

پشاور(آئی این پی ) چیف ٹریفک آفیسر سعود خان نے ٹریفک بیس کنٹرول روم‘ٹرائی گراؤنڈ‘ ٹریفک لائن میں قائم میس اور کوت کی تزئین و آئرائش کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوں نے ٹرائی گراؤنڈ اور کوت میں جاری ترقیاتی کاموں اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کو ٹریفک حکام کی جانب سے کوت اور ٹرائی گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں اور تزئین و آرائش بارے آگاہی دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت میں ترقیاتی کام کو مکمل کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے ٹریفک لائن باچا خان چوک میں ٹریفک اہلکاروں کیساتھ میس کا کھانا کھایا اور سہولیات کا جائزہ بھی لیا‘ ٹریفک اہلکاروں کو معیاری خوراک کم قیمت میں دینے پر ٹریفک حکام کے اقدامات کو سراہا۔ اسی طرح ٹریفک بیس کنٹرول روم کے انچارج نے انہیں بیس سے متعلق مختلف امور بارے بریفنگ دی۔ سعود خان نے کہا کہ شہریوں کو ٹرائی گراؤنڈ میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں قائم بیس کنٹرول روم کا ٹریفک مینجمنٹ اور کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی اور دیگر امور میں نہایت ہی اہم کردار ہے جس کو ہر صورت فعال اور تمام تر سہولیات سے آراستہ کرنا نہایت ہی ضروری ہے ۔